چائلڈ لیبر، گالم گلوچ اور موبائل فون کی لت کے خلاف نیا اقدام

سونڈالہ : بھارت کے گاؤں سونڈالہ میں چائلڈ لیبر، گالم گلوچ اور بچوں میں موبائل فون کی زیادتی کو روکنے کے لیے ایک منفرد حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ گاؤں کی پنچایت نے نئے قوانین متعارف کرائے ہیں جن کے تحت مختلف نوعیت کی سماجی برائیوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

 

اب اگر کسی شخص کو گالی دیتے ہوئے پکڑا گیا یا اسکول کا کوئی بچہ گھر میں موبائل فون استعمال کرتا دکھائی دیا، تو اس پر 500 بھارتی روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مزید برآں، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے "چائلڈ لیبر دکھائیں، 1000 روپے انعام پائیں” کے نعرے کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے۔ اگر کوئی بچہ مزدوری کرتا ہوا نظر آیا، تو اس کی تصویر کھینچ کر پنچایت کے دفتر میں جمع کرائی جا سکتی ہے، اور اس پر 1000 روپے کا انعام ملے گا۔

 

گاؤں میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسکول کے بچے شام 7 سے 9 بجے تک موبائل فون استعمال نہیں کر سکیں گے۔ اگر کسی بچے کو اس وقت موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پایا گیا، تو اس کے خاندان پر 500 روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ اس فیصلے کو نافذ کرنے کے لیے اسکول کے اساتذہ ایک گشت بھی کریں گے۔

 

مزید برآں، گاؤں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ گالی دینے والوں کی آوازیں بھی ریکارڈ کی جا سکیں اور جرمانے کے معاملات میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔ یہ اقدامات گاؤں کی سماجی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہیں۔