شادی کے بعد فیملی پلاننگ بہت ضروری ہے،اداکارہ نیمل خاور

لاہور : پاکستان کی معروف اداکارہ نیمل خاور نے کہا ہے کہ شادی کے بعد فیملی پلاننگ بہت ضروری ہوتی ہے، اور اس وقت انہوں نے اپنی توجہ مکمل طور پر اپنی فیملی پر مرکوز کر رکھی ہے۔ ایک انٹرویو میں نیمل خاور نے اپنے ذاتی تجربات شیئر کیے اور بتایا کہ حمزہ علی عباسی سے کم عمری میں شادی کے بعد ان کی کوئی خاص فیملی پلاننگ نہیں تھی، اور وہ صرف بچوں کو پسند کرتی تھیں۔

 

نیمل کا کہنا تھا کہ جب مصطفیٰ کی پیدائش ہوئی، تو اس وقت بھی کسی قسم کی منصوبہ بندی نہیں تھی، لیکن شادی کے بعد فیملی کو ترجیح دینے کا فیصلہ ان کی ذاتی شناخت پر اثر انداز ہوا، اور وہ اپنی مصوری جیسے شوق کو بھی بھول چکی ہیں۔

 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شادی کے بعد فیملی پلاننگ لازمی ہونی چاہیے، اس لیے حمزہ اور ان کے درمیان یہ طے پایا کہ حمزہ شوبز کی دنیا میں کام کریں گے اور نیمل گھر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

 

نیمل خاور نے اپنے شوہر حمزہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہت سپورٹ کرنے والے شوہر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کے تعلقات کا بچوں پر گہرا اثر پڑتا ہے، اور جب بچہ اپنے والدین کو لڑتے ہوئے دیکھتا ہے تو اس کا دماغی اثر منفی ہو سکتا ہے۔