نئی دہلی: بھارت میں ایک نیا شادی کارڈ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جو اپنے مزاحیہ انداز اور منفرد تفصیلات کے باعث وائرل ہوگیا ہے۔
اس دعوت نامے میں شادی کی بعض روایات کو ہنسی مذاق میں پیش کیا گیا ہے، جیسے دلہن کو "شرما جی کی لڑکی” کہا گیا ہے اور دلہا کو "گوپال جی کا لڑکا”۔ دلہن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ "پڑھائی میں تیز” ہے، جبکہ دلہا نے "بی ٹیک کر کے دکان سنبھال لی ہے”۔
شادی کی تاریخ کو بھی ایک مزاحیہ انداز میں "مقدس دن” قرار دیا گیا ہے، جسے تین پنڈتوں نے تجویز کیا ہے، اور اس دن ٹنکو کے امتحانات بھی ختم ہو رہے ہیں، جسے شادی کے لیے بہترین موقع قرار دیا گیا ہے۔
کارڈ میں دلچسپ انداز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مہمانوں کی موجودگی ضروری ہے تاکہ "کھانے کی برائی” کرنے والے رشتہ دار کو موقع مل سکے۔ شادی کے مقام کا ذکر بھی یوں کیا گیا ہے کہ وہی جگہ ہے جہاں "دوبے جی کی ریٹائرمنٹ کی تقریب” ہوئی تھی، اور گیٹ کو "کنفیوز کرنے والا” قرار دیا گیا ہے۔
اس دعوت نامے میں شادی کے بعد کی تقریب (ریسیپشن) کو بھی مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے، اور مہمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ "ساڑھے 8 بجے تک پہنچیں گے”۔ اس کے علاوہ، مہمانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کنٹرول میں رکھیں، کیونکہ "اتنا مہنگا سٹیج بچوں کے کھیل کا میدان نہیں ہے”۔
آخر میں مہمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ "کیش” لے کر آئیں، کیونکہ تحائف کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس مزاحیہ دعوت نامے نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو ہنسانے کے ساتھ ساتھ بھارتی شادیوں کی مخصوص روایات پر بھی دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔