اسلام آباد : وزارتِ مذہبی امور نے 10 دسمبر تک درخواستیں جمع کرنے والے تمام 79 ہزار عازمین حج کو کامیاب قرار دے دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، ایک ہفتے کی توسیع کے دوران 10 ہزار سے زائد نئی درخواستیں موصول ہوئیں، جس کے بعد عازمین کے مطالبے پر کچھ خالی نشستوں پر ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کے اصول کے تحت درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔
وزارتِ مذہبی امور نے بتایا کہ حج کوٹہ مکمل ہونے کے بعد درخواستوں کی وصولی بند کر دی جائے گی۔ نئے درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے کے بعد متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ رسید حاصل کریں، جس پر درج تاریخ اور وقت کے مطابق ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر درخواستوں کی ترتیب کی جائے گی۔
مزید برآں، سپانسرشپ حج سکیم بھی اسی اصول کے تحت جاری رہے گی۔ سرکاری کوٹہ مکمل ہونے کے بعد حج واجبات کی دوسری قسط کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ عازمینِ حج کو نئی ہدایات جیسے بقیہ واجبات کا شیڈول، تربیت اور پروازوں کی معلومات ’’پاک حج موبائل ایپ‘‘ کے ذریعے حاصل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔