واٹس ایپ میں ٹائپنگ انڈیکٹر کی نئی تبدیلی کا اعلان

کیلیفورنیا :میٹا نے واٹس ایپ کے صارفین کے لیے ایک اہم لیکن معمولی نظر آنے والی تبدیلی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد چیٹ کے دوران رئیل ٹائم تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ نیا فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، جس کے تحت کسی بھی ون آن ون یا گروپ چیٹ میں جب کوئی شخص میسج ٹائپ کرے گا، تو تین متحرک ڈاٹس کے ذریعے اس کا عندیہ دیا جائے گا۔

پہلے، واٹس ایپ میں ٹائپنگ کے الفاظ نظر آتے تھے، جو بعض صارفین کے لیے زیادہ پرکشش نہیں تھا۔ اب، اس فیچر کو بہتر بنا کر "ٹائپنگ” کے الفاظ کو ایک چھوٹے ببل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس میں متحرک تین ڈاٹس نظر آئیں گے۔

نیا انڈیکٹر اس فرد کی پروفائل تصویر کے ساتھ بھی نظر آئے گا، جس سے یہ جاننا آسان ہوگا کہ گروپ چیٹ میں کون شخص میسج لکھ رہا ہے۔ یہ معمولی سی تبدیلی چیٹ کے تجربے کو مزید انٹرایکٹو اور دلچسپ بنائے گی۔