وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

ریاض: وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض میں منعقدہ ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق، سعودی ولی عہد نے چھ ماہ کے دوران پاکستانی وزیراعظم سے پانچویں ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان محبت اور احترام کا مظہر ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینا دونوں ممالک کے لیے ناگزیر ہے۔ سعودی ولی عہد نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے سعودی تعاون کو اہم قرار دیا۔

ملاقات میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا اور انہیں جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔