بلاوایو: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
میزبان ٹیم کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد میں ان کے لیے غلط ثابت ہوا۔ پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کی بیٹنگ لائن کو 12.4 اوورز میں صرف 57 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ برائن بینٹ 21 اور مارومانی 16 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹرز رہے۔
پاکستان کو 58 رنز کا ہدف ملا، جسے قومی ٹیم نے چھٹے اوور میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔ عمیربن یوسف نے 22 اور صائم ایوب نے 36 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے زبردست بولنگ کی اور صرف 3 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عباس آفریدی نے 2، جبکہ ابرار احمد، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے اس میچ میں اپنی پچھلی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا، جس میں کپتان سلمان آغا، صائم ایوب، عمیربن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم شامل تھے۔
پاکستان نے اس جیت کے ساتھ سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی ہے اور اگلے میچ میں سیریز اپنے نام کرنے کا سنہری موقع ہے۔