اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ یہ دورہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ وزیراعظم سعودی عرب میں ہونے والی ’’ون پلانٹ سمٹ فار واٹر‘‘ میں شرکت کریں گے، جو سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقد ہو رہی ہے۔
اس سمٹ کا مقصد عالمی سطح پر آبی وسائل کے بہتر انتظام کے لیے ایک مشترکہ اور مربوط نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اس سمٹ کے دوران گول میز کانفرنس سے خطاب کریں گے، جس میں پانی کے معیار کو بہتر بنانے اور معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات پر بات کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور عالمی سطح پر اہم مسائل پر تعاون کو بڑھانے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔