ای سی او وزرا کونسل اجلاس: مشہد میں اسحٰق ڈار کا کلین انرجی چارٹر پر دستخط کا اعلان

اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ایران کے شہر مشہد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ وزرائے خارجہ کے 28ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحٰق ڈار کا استقبال خراسان کے گورنر محمد علی نبی پور نے کیا۔ اجلاس میں اسحٰق ڈار پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے منشور کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیں گے۔ وہ اس بات پر بھی بات کریں گے کہ ریل اور سڑک کے نیٹ ورک کی ترقی اور ویزا کے نظام میں آسانی سے خطے میں روابط بڑھائے جا سکتے ہیں۔

اسحٰق ڈار مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات اور خطے کی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات کا اظہار بھی کریں گے۔ علاوہ ازیں، وہ اقتصادی تعاون تنظیم کے کلین انرجی مرکز کے چارٹر پر دستخط کریں گے اور اجلاس کے دوران مختلف وزرا اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔