"مکھنا” گانے پر ہم شکلوں کی پرفارمنس، مداحوں نے اصلی سمجھ لیا

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور مادھوری ڈکشٹ کے مداح ایک وائرل ویڈیو دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔ ویڈیو میں دونوں کے ہم شکل افراد 1998 کی مشہور فلم "بڑے میاں چھوٹے میاں” کے گانے "مکھنا” پر ڈانس کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

انسٹاگرام پر ششی کانت پیڈوال، جو امیتابھ بچن کے ہم شکل ہیں، نے یہ ویڈیو شیئر کی۔ ان کے ساتھ ڈانس کرنے والی خاتون مدھو شرما ہیں، جو مادھوری ڈکشٹ سے غیرمعمولی حد تک مشابہت رکھتی ہیں۔ ویڈیو میں گانے کے ہوک اسٹیپس کی عین مطابق نقل نے صارفین کو دھوکہ دیا، اور پہلی نظر میں انہیں اصلی سمجھا گیا۔

یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوچکی ہے اور اب تک 60 لاکھ ویوز حاصل کرچکی ہے۔ کمنٹ سیکشن میں مداحوں نے ہم شکلوں کی تعریف کرتے ہوئے دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے کیے ہیں۔

ویڈیو نے نہ صرف صارفین کو تفریح فراہم کی بلکہ ماضی کی یادیں بھی تازہ کر دیں۔ ان دونوں کی مشابہت اور پرفارمنس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔