سرکاری اسکولوں میں تدریسی اوقات کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی

راولپنڈی: محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں میں تدریسی اوقات کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔ محکمہ نے اسکولوں میں بہتر ڈسپلن اور تعلیمی ماحول کے لیے 20 نکاتی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں، جن پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

نئی گائیڈ لائنز کے مطابق، اساتذہ، طلبہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو تدریسی اوقات میں اپنے موبائل فون بند کرکے ہیڈ ٹیچر کے پاس جمع کرانے ہوں گے۔ اسکول کے عملے کو ڈریس کوٹ اور بند جوتے پہننا لازمی ہوگا، اور ٹیچرز اور طلبہ کو اپنے نام کا بیچ لگانا ہوگا۔ طلبہ نیوی بلیو جرسی اور اسکول یونیفارم میں آئیں گے۔

اسکول میں مرکزی گیٹ پر اوقات کار کا بورڈ نصب کیا جائے گا، اور ہر کلاس کا ایک کلاس رپورٹر (سی آر) ہوگا۔ اسکول میں تعلیمی نعرے لکھے ہوئے پینافلیکس بھی لگائے جائیں گے۔ وائٹ بورڈ پر پڑھائے جانے والے مضمون اور حاضر و غیر حاضر طلبہ کی معلومات درج ہوں گی۔

طلبہ کے ناخن اور بال روزانہ چیک کیے جائیں گے، اور اساتذہ کو گھڑی پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسکول کی اسمبلی میں ہیڈ اور تمام اساتذہ کی حاضری ضروری ہوگی۔