اسلام آباد:وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) نے مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں ٹیکس ہدف پورا نہ ہونے کے بعد ان لینڈ ریونیو سروسز (آئی آر ایس) کے گریڈ 17 سے 20 تک کے 60 افسران کے تبادلے اور نئی تقرریاں کی ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی اور لاہور میں کئی ایڈیشنل، ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلے کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، کوئٹہ، حیدر آباد، اسلام آباد، سیالکوٹ، سکھر، فیصل آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے مختلف ڈپٹی کمشنرز کی بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ ان تمام تبادلوں اور تقرریوں کا اطلاق فوراً ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ گریڈ 20 کے 2، گریڈ 19 کے 5، گریڈ 18 کے 41، اور گریڈ 17 کے 12 افسران کے تبادلے اور تقرریاں کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ایف بی آر مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں مقررہ ٹیکس ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، اور نومبر کے مہینے کا ٹیکس ہدف بھی پورا نہیں کیا جا سکا۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق، ایف بی آر کو 400 ارب روپے کی کمی کا سامنا ہے، جبکہ ابتدائی 4 ماہ میں اسے 180 ارب روپے کا شارٹ فال دیکھنے کو ملا ہے۔