لاہور : بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جہاں دلہن نے دولہا کی سرکاری ملازمت نہ ہونے کی وجہ سے عین موقع پر شادی سے انکار کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق، دولہا ایک نجی کمپنی میں انجینئر کے طور پر کام کرتا تھا اور اس کی ماہانہ آمدنی ایک لاکھ بھارتی روپے سے زائد تھی۔ اس کے پاس 6 پلاٹ اور 20 بیگھہ زمین بھی تھی، لیکن دلہن نے سرکاری ملازمت نہ ہونے پر شادی کرنے سے انکار کر دیا۔
شادی کی رسومات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دولہا کے پاس سرکاری ملازمت نہیں ہے، جس کے بعد دلہن نے شادی کی رسومات کو آگے بڑھانے سے انکار کر دیا۔ دونوں خاندانوں نے دلہن کو راضی کرنے کی بھرپور کوشش کی، حتیٰ کہ دولہا نے اپنی تنخواہ کی رسیدیں بھی پیش کیں، مگر دلہن اپنے فیصلے پر قائم رہی اور بارات کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔