ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے خشک اور سرد رہیں گے، تاہم کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

 

گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ اور دُھند کی شدت بڑھنے کی توقع ہے، خاص طور پر سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور دیگر علاقوں میں دُھند بڑھنے کا امکان ہے۔

 

اسلام آباد اور اس کے ارد گرد کا موسم خشک رہے گا، مگر صبح اور رات کے اوقات میں سردی کا سامنا ہو گا۔ بلوچستان کے بیشتر علاقے خشک رہیں گے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

 

سندھ کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک رہے گا، مگر صبح کے وقت کشمور، سکھر اور ٹنڈو جام میں سموگ یا دُھند کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔