کراچی :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے ایبٹ آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنی ہی صوبائی حکومت اور پارٹی کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں حکومتی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے تو صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم نہ ہوتی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پسماندگی کو ترقی اور دھوکے کو حقیقت کے طور پر پیش کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ناکامیوں کو تسلیم کرنا چاہیے تاکہ عوام کے طعنوں اور تنقید سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے غلط فیصلوں پر اڑے رہنا بے وقوفی کی علامت ہے اور ان کی اصلاح کے بغیر آگے بڑھنا مشکل ہوگا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ پارٹی کے اندر بھی کئی مسائل موجود ہیں، جن میں خاص طور پر فیصلوں میں سنجیدگی اور حکمت عملی کی کمی نمایاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم کارکردگی کو معیار بناتے تو آج اس قسم کے طعنے نہ سننے پڑتے۔
شیر افضل مروت نے کارکنوں پر زور دیا کہ ناکامیوں کو قبول کر کے ان سے سبق سیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد کو دوبارہ جیتنے کے لیے حقیقت پسندی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔
یہ بیان خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھانے کے ساتھ ساتھ پارٹی کے لیے اندرونی خوداحتسابی کا پیغام بھی تھا۔