واشنگٹن: امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کی سابق سی ای او لنڈا میک میہن کو محکمہ تعلیم کا نیا سربراہ نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ٹرمپ نے منگل کے روز 76 سالہ لنڈا میک میہن کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششوں کی قیادت کریں گی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میک میہن کی قیادت میں محکمہ تعلیم ملک بھر میں تعلیمی اصلاحات کے عمل کو مزید آگے بڑھائے گا۔
لنڈا میک میہن نے 2009 میں امریکی سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑ دیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے کنیکٹیکٹ بورڈ آف ایجوکیشن کی رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور سیکرڈ ہارٹ یونیورسٹی کنیکٹیکٹ کے بورڈ کی ٹرسٹی کے طور پر بھی کئی سال تک کام کیا۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران وفاقی محکمہ تعلیم کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن صدارت کے لیے دوبارہ میدان میں آنے کے بعد انہوں نے مختلف اہم حکومتی عہدوں کے لیے نامزدگیاں کی ہیں، جن میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع، ڈائریکٹر سی آئی اے، ہوم لینڈ سکیورٹی چیف، اور دیگر اہم عہدے شامل ہیں۔