بیروت: لبنان میں جاری اسرائیل اور حزب اللہ کی جنگ کے دوران ایک فوٹو جرنلسٹ نے اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کا ایک نادر منظر کیمرے میں قید کیا۔
دو روز قبل ایسوسی ایٹ پریس کے فوٹوگرافر حسن عمار نے بیروت کی ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری کے وقت عمارت پر گرنے والے بم کو تصویر میں محفوظ کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، اسرائیل نے جمعہ کے روز اس عمارت کے رہائشیوں کو وارننگ دی اور انہیں علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔ حسن عمار اور دیگر افراد عمارت سے کچھ فاصلے پر جمع ہو گئے تھے، اور جیسے ہی وہ محفوظ جگہ پر پہنچے، اسرائیلی طیاروں نے حملہ کر دیا۔
اس حملے کے بعد، اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ عمارت حزب اللہ کے مزاحمت کاروں کے استعمال میں تھی۔ تباہ شدہ عمارت کی تصاویر کو حسن عمار نے اپنے کیمرے میں محفوظ کیا، جو جنگ کے دوران ہونے والی تباہی اور اس کے اثرات کو بخوبی دکھاتی ہیں۔
حسن عمار کے لیے یہ عمارت ذاتی طور پر بھی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ وہ خود اسی علاقے سے قریب پلے بڑھے تھے۔