لاہور: پنجاب میں سموگ کی شدت میں کمی کے بعد، محکمہ ماحولیات نے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ اب تمام ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار رات 10 بجے تک ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈائن اِن، پارکنگ ایریا میں کھانے کی سہولت اور ٹیک اوے کی خدمات رات 10 بجے تک فراہم کی جائیں گی، جب کہ ہوم ڈلیوری خدمات پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ بارش اور ہوا کی سمت میں تبدیلی کی بدولت سموگ کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے 15 نومبر کے حکم نامے میں نظرثانی کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اوقات کار کے نئے شیڈول پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے، اور سموگ وار روم اور ای پی اے نے اس فیصلے کے نفاذ کے لیے ضروری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔