آسٹریلیا نے تیسرے ٹی20 میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز 3-0 سے اپنے نام کر لی

 

ہوبارٹ: آسٹریلیا نے تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 118 رنز کا ہدف 3 وکٹوں پر مکمل کر کے سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔

ہوبارٹ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کی ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور 20 اوورز بھی نہیں کھیل سکی۔ پاکستانی ٹیم 18.1 اوورز میں آؤٹ ہوئی، جس میں سے 7 کھلاڑی دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا۔ فرحان 9 رنز پر آؤٹ ہوئے، حسیب اللہ نے 24 رنز بنائے، جبکہ عثمان خان صرف 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔ کپتان سلمان علی آغا بھی اس میچ میں ناکام رہے اور صرف 1 رن پر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم کچھ دیر مزاحمت کرتے رہے اور 41 رنز کے ساتھ ٹیم کے سب سے بڑے اسکورر بنے، لیکن وہ بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ باقی کھلاڑیوں میں عرفان خان 10، عباس آفریدی 1، جہانداد خان 5، شاہین آفریدی 16 اور صفیان مقیم 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا نے اس کم ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں کیا اور صرف 11.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ جیک فریزر میک گرک 18 رنز اور میتھیو شارٹ 2 رنز پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان جوش انگلس نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ پھر مارکس اسٹوئنس نے پاکستان کے باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور 27 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے، جس میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ اسٹوئنس نے حارث رؤف کے ایک اوور میں 2 چھکے اور 2 چوکے مار کر 21 رنز بٹورے، جس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

پاکستان کے باؤلرز میں شاہین آفریدی، عباس آفریدی اور جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، لیکن وہ آسٹریلوی بیٹرز کے سامنے زیادہ کامیاب نہ ہو سکے۔

پاکستان کے کپتان محمد رضوان کو اس میچ میں آرام دیا گیا تھا اور ان کی جگہ نائب کپتان سلمان علی آغا نے قیادت کی۔ اس میچ میں دو تبدیلیاں کی گئیں: نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان کو ڈیبیو کا موقع دیا گیا، اور محمد رضوان کی جگہ حسیب اللہ کو شامل کیا گیا۔ آسٹریلیا نے اپنی فاتح ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور وہ اسی ترکیب کے ساتھ میدان میں اترے۔

اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 3 میچز کی ٹی20 سیریز 3-0 سے اپنے نام کر لی۔