اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر رجسٹرڈ وی پی این (ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک) کی رجسٹریشن کے لیے دو ہفتے کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے غیر رجسٹرڈ وی پی این کی بندش کی ہدایت کے بعد پی ٹی اے نے اس حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد کیا، جس میں غیر رجسٹرڈ وی پی این کے ہولڈرز کو 30 نومبر تک رجسٹریشن کا وقت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم دسمبر سے غیر رجسٹرڈ وی پی این کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وی پی این کی بندش کا پہلا تجربہ کامیابی سے مکمل کیا جا چکا ہے، اور دوسرا ٹرائل جلد شروع کیا جائے گا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس مہلت کے دوران غیر رجسٹرڈ وی پی این کے ہولڈرز کو قانونی طور پر اپنی خدمات رجسٹر کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق، غیر رجسٹرڈ وی پی این سیکیورٹی کے لحاظ سے خطرناک ہو سکتے ہیں اور ان کے ذریعے حساس ڈیٹا یا قابل اعتراض مواد تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، جس کا روکنا پی ٹی اے کی ذمہ داری ہے۔