بچوں کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے، تشدد کے خاتمے کے لیے مکمل عزم: مریم نواز

 

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم بیان میں کہا کہ "بچے میری ریڈ لائن ہیں”، اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کے تشدد کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

بچوں پر تشدد، استحصال اور بدسلوکی کے تدارک اور بحالی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ معاشرے میں کچھ بچے بدسلوکی، استحصال اور تشدد کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں پر ہونے والے تشدد کا ان کی ذہنی، جسمانی اور جذباتی نشوونما پر منفی اثر پڑتا ہے، جو ان کی شخصیت اور مستقبل کو متاثر کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کی حفاظت کے لیے پاکستان میں پہلی بار ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر قائم کیا گیا ہے، اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو مزید فعال بنایا گیا ہے تاکہ بچوں کو فوری امداد اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور تمام معاشرتی طبقات سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ بچے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو محفوظ اور محبت بھرا ماحول فراہم کریں، ان کے ساتھ کھل کر بات کریں اور ان کی ذہنی و جسمانی حالت کا خیال رکھیں۔ آخر میں، انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں بچوں کے تحفظ اور ان کا روشن مستقبل یقینی بنانے کی توفیق دے۔