اسلام آباد : پاکستان کے 15 نامزد بینکوں میں آج سے حج درخواستوں کی وصولی شروع ہو گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق، حج درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے کی ابتدائی رقم جمع کرانا ضروری ہوگی، جبکہ دوسری قسط قرعہ اندازی کے بعد لی جائے گی۔ درخواست گزاروں کو 10 فروری تک باقی واجبات بھی ادا کرنا ہوں گے۔
سرکاری حج سکیم کے تحت 89,605 افراد کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سپانسر شپ سکیم میں 5,000 نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔ بیرون ملک سے درخواست دینے والوں کو امریکی ڈالرز میں یکمشت ادائیگی کرنی ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ بینکوں کی برانچوں کی کارکردگی کو وزارت کے ڈیش بورڈ کے ذریعے براہ راست مانیٹر کیا جائے گا۔ اس سال خواتین عازمین حج سرپرست کی اجازت سے محرم کے بغیر قابل اعتماد گروپ کے ساتھ روانہ ہو سکیں گی۔
سرکاری حج پیکیج میں فراہم کی جانے والی سہولیات میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتب اور ویکسین شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ قربانی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب خواتین کی ایڈوانس سٹیج کی حاملہ ہونے یا 12 سال سے کم عمر بچوں کو سفر حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد کو بھی حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
درخواست گزاروں کو رہنمائی کے لیے حج ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مدد فراہم کی جائے گی۔