معیشت مستحکم، مہنگائی کم اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ:محمد اورنگزیب

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا  کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آ گئی ہے، شرح سود میں کمی ہوئی ہے، اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ رابطے جاری ہیں، اور اسٹینڈ بائی معاہدہ کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں جا رہی ہے اور عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ زراعت، رئیل اسٹیٹ، اور مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ ٹیکس ریونیو بڑھانے کے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

انہوں نے ماحولیات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے میثاق معیشت کے ساتھ میثاق ماحولیات کی بھی ضرورت ہے تاکہ سیلاب اور دیگر چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے۔