لندن: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید کے ساتھ مل کر ان کے خلاف سازشیں کیں، اور ان کی حکومت کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے گئے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بدترین ظلم برداشت کیے ہیں، تو وہ ہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کو جیل میں یہ اطلاع ملی کہ ان کی اہلیہ کا انتقال ہو گیا ہے، جو ان کے لیے ایک ناقابل فراموش لمحہ تھا۔
نواز شریف نے عدلیہ اور عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی سازباز کے ذریعے ایک منتخب حکومت کو ختم کیا گیا، جس نے نہ صرف پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ ملک کو معاشی اور سیاسی بحرانوں میں دھکیل دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی خدمت کو اپنا فرض سمجھا اور کبھی اس پر فخر کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کا دور حکومت مکمل طور پر ناکامی کا شکار رہا، اور آج ملک جن بحرانوں کا شکار ہے، وہ عمران خان اور ان کی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے انتہائی خراب حالات میں اقتدار میں آئی اور معاشی و سیاسی استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔