یوٹیوب کی طرف سے "جیولز” نامی ڈیجیٹل کرنسی متعارف، کانٹنٹ کریئٹرز اپنے لائیو اسٹریمز کے دوران پیسے کما سکتے ہیں

یوٹیوب نے صارفین کے لیے آمدنی کے حصول کا نیا طریقہ متعارف کرایا ہے جس کے تحت کانٹنٹ کریئٹرز اپنے لائیو اسٹریمز کے ذریعے پیسے کما سکیں گے۔ اس فیچر کو "جیولز” کہا جا رہا ہے، جو ایک ڈیجیٹل کرنسی ہے۔ صارفین اپنے پسندیدہ کریئٹرز کو یہ "گفٹ” کے طور پر بھیج سکیں گے، جو لائیو اسٹریمز کی اسکرین پر انیمیشن کی شکل میں دکھائی دے گا۔

یہ فیچر ٹک ٹاک لائیو سے مشابہت رکھتا ہے، جہاں صارفین کوائنز خرید کر تحفے کے طور پر بھیجتے ہیں۔ یوٹیوب کے مطابق، جب ناظرین جیولز کے ذریعے گفٹ بھیجیں گے، تو کریئٹرز کو "روبیز” ملیں گے، اور ہر روبی کے بدلے ایک امریکی سینٹ وصول ہوگا۔

آئندہ تین ماہ تک، اہل کریئٹرز کو جیولز سے ہونے والی آمدنی پر 50 فیصد اضافی بونس بھی ملے گا۔ یہ فیچر صرف ورٹیکل لائیو اسٹریمز کرنے والے کریئٹرز کے لیے دستیاب ہوگا، اور صارفین صرف موبائل ایپ کے ذریعے جیولز بھیج سکیں گے۔ فی الحال یہ فیچر امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے، اور ممکنہ طور پر اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔