اسلام آباد:پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشیں شروع ہو گئی ہیں جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ نوشہرہ اور دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
پشاور میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور موسم سرد ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
کوہاٹ میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جس کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ضلع مہمند اور اس کے گرد و نواح میں ہلکی بارش ہو رہی ہے، جس سے لوگوں نے چادریں اوڑھنا شروع کر دی ہیں۔
ضلع خیبر میں بھی پہلی بارش ہوئی، جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے رات کے وقت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کرک میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم ٹھنڈا پڑ گیا اور لوگوں نے گرم ملبوسات پہننا شروع کر دیے۔
لکی مروت میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم ٹھنڈا ہوگیا، جب کہ میانوالی کے علاقے میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لیہ میں شدید بارش اور ژالہ باری ہو رہی ہے جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔
اٹک اور گردونواح میں بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں اور امدادی ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔