کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی اور سندھ بھر میں بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ بھر میں پھر تیر جیت گیا
بلاول بھٹو نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں اور جیالوں کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے اس کامیابی کو عوام کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر کے پیپلز پارٹی کے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو اپنایا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کراچی میں کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ "کراچی میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے بڑے مارجن سے جیت کر شہر میں سوئپ کیا، جو ایک اہم کامیابی ہے”۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پیپلز پارٹی کے نومنتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور ان کی توقعات پر پورا اُترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ "الیکشن میں کامیابی کے بعد آپ کے کندھوں پر بڑی ذمہ داری آتی ہے، اور اب آپ کو محدود وسائل اور بڑھتے ہوئے مسائل کا سامنا ہوگا”۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ویژن اور عوامی خدمت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے یہ مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی کے 10 بلدیاتی اور ایک کنٹونمنٹ بورڈ کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق، پیپلز پارٹی نے 4 چیئرمین، 4 کونسلر اور 1 نائب چیئرمین کی نشست جیتی۔