عازمین حج کے لیے خوشخبری: خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی جگہ رہائش ملے گی

 

اسلام آباد: عازمین حج کے خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی مقام پر رہائش فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ایک ہی خاندان کے افراد کی رہائشیں الگ الگ ہونے کے مسئلے کا حل نکال لیا ہے۔ اس کے لیے بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک ہی خاندان کے تمام افراد کے فارم ایک ہی سیریل نمبر کے تحت جمع کریں تاکہ حجاز مقدس میں تمام افراد کو ایک ہی مقام اور کمروں میں رہائش مل سکے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق، فارم ایک ہی سیریل نمبر کے تحت جمع کرنے سے عازمین حج کے خاندان کو ایک ہی جگہ رہائش ملے گی اور عبادات کے دوران بھی اہل خانہ کو ایک ساتھ رہنے کا موقع ملے گا، خاص طور پر ریاض الجنہ میں نفل عبادات کے دوران۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ماضی میں بینکوں کی غفلت کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے فارم مختلف سیریل نمبرز کے تحت جمع ہو جاتے تھے، جس کے باعث عازمین حج کو رہائش اور عبادات کے دوران مشکلات کا سامنا ہوتا تھا۔ تاہم اب وزارت مذہبی امور نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ہی خاندان کے تمام افراد کی درخواستیں اکٹھی وصول کریں۔

وزارت مذہبی امور نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ اس اقدام سے عازمین حج کو گزشتہ برسوں کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور انہیں ایک ہی جگہ رہائش دی جائے گی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ڈائریکٹر حج کو ہدایت دی ہے کہ عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ان کا حج کا تجربہ آرام دہ اور خوشگوار ہو۔