ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک، 2 فوجی جوان شہید

راولپنڈی: بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ 2 فوجی جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق، شہید ہونے والے جوانوں میں میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر آپریشن کا آغاز کیا، جس دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، تاہم میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے دشمن کے ساتھ لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

میجر محمد حسیب کا تعلق ضلع راولپنڈی سے تھا ۔حوالدار نور احمد کا تعلق ضلع بارکھان سے تھا اور انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کی دفاع میں خدمات انجام دیں۔

آئی ایس پی آر نے اس آپریشن کو سکیورٹی فورسز کی بہادری اور عزم کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں فوجی جوانوں کی قربانیاں نہ صرف وطن کی دفاعی طاقت کو مزید مستحکم کرتی ہیں بلکہ دشمن کے سامنے پاکستانی فوج کی بے مثال قربانیوں کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔