اسلام آباد: سپریم کورٹ آج سے اپنے پہلے 6 رکنی آئینی بینچ کے ذریعے اہم مقدمات کی سماعت شروع کرے گی۔
بینچ کی سربراہی جسٹس امین الدین کریں گے، اور یہ بینچ کل 18 مقدمات کی سماعت کرے گا، جن میں مختلف آئینی، ماحولیاتی اور معاشی نوعیت کے کیسز شامل ہیں۔
آئینی بینچ کی کاز لسٹ کے مطابق، ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مقدمات، علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان ہراسگی کیس، سابق صدر عارف علوی کی برطرفی، عام انتخابات 2024 کے ری شیڈول کرنے کی درخواستیں اور پاکستانیوں کے بیرون ملک بینک اکاؤنٹس پر از خود نوٹس کی سماعت ہوگی۔
اس کے علاوہ، سرکاری افسران کے غیر ملکیوں سے شادی کرنے پر پابندی کے لیے دائر درخواست اور ملک سے لوٹے ہوئے پیسے کو واپس لانے کے لیے دائر کیسز بھی اس سماعت کا حصہ ہیں۔
آئینی بینچ کی سماعت کا آغاز آج 14 نومبر سے ہوگا، جب کہ مزید مقدمات کی سماعت 15 نومبر کو بھی کی جائے گی۔