پاکستان کو اگلے چند ماہ میں بین الاقوامی مالیاتی مارکیٹس تک رسائی مل سکتی ہے، جس سے مالی معاونت میں اضافہ ہوگا:محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو اگلے چند مہینوں میں بین الاقوامی مالیاتی مارکیٹس تک رسائی ملنے کی توقع ہے۔ انہوں نے یہ بات فرانس کے سفیر نکولس گال سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، کاروبار اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے فرانسیسی سفیر کو پاکستان کی معیشت کی موجودہ صورت حال اور گزشتہ 14 ماہ کے دوران معاشی اشاریوں میں بہتری سے آگاہ کیا۔

 

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مالی خسارے پر قابو پانے، کرنسی کے استحکام، ترسیلات زر میں اضافے اور غیر ملکی ذخائر میں استحکام کے باعث پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک رسائی مل سکتی ہے، جس سے عالمی سطح پر مالی معاونت میں اضافہ ہو گا۔

 

 

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں وسیع اصلاحات کی ہیں، جیسے کہ ٹیکس نظام، توانائی، نجکاری اور حکومتی نظم و نسق میں تبدیلیاں، تاکہ معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر ڈال سکیں اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

 

فرانسیسی سفیر نکولس گال نے پاکستان کی اصلاحاتی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ اہداف کامیابی سے پورے کر کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔