باکو: آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں عالمی موسمیاتی کانفرنس "کانفرنس آف دی پارٹیز” کا اجلاس شروع ہو چکا ہے، جس میں دنیا بھر کے رہنما اور ماہرین موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے اہم فیصلے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس اہم اجلاس میں پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف بھی شریک ہیں اور 13 نومبر کو اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن سے خطاب کریں گے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر مساوات اور متفرق ذمہ داری کے اصولوں کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا، جس کے تحت ترقی یافتہ ممالک کو اپنی تاریخی ذمہ داریوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف یواین سیکریٹری کی جانب سے عالمی درجہ حرارت پر منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور آذربائیجان کے وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شریک ہوں گے۔
وزیرِاعظم کے ہمراہ اس وفد میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔ اس اجلاس کے دوران پاکستان پویلین میں کئی اہم تقریبات اور گول میز مباحثے بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں پاکستان کی موسمیاتی پالیسی اور اس کے عالمی سطح پر اثرات پر بات چیت کی جائے گی۔