ڈالر کی قدر میں رد و بدل جاری، انٹربینک میں قیمت 277.86 روپے پر بند

 

کراچی: پاکستان کو 2.5 ارب ڈالر کے مالیاتی خلا کا سامنا ہے، جس کے حل کے لیے آئی ایم ایف ریویو ٹیم کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ پیر کو انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری اوقات کے دوران ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ ایک موقع پر ڈالر 8 پیسے کی کمی کے ساتھ 277.65 روپے تک نیچے آیا، لیکن کاروبار کے اختتام پر 13 پیسے کے اضافے کے بعد 277.86 روپے پر بند ہوا۔

 

اوپن مارکیٹ میں بھی معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں ڈالر 0.03 پیسے بڑھ کر 278.77 روپے پر بند ہوا۔

 

پاکستان کے ایوی ایشن فیول منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 82.5 ملین ڈالر کی فنانسنگ اور چین، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کے باوجود زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں نے اکتوبر میں 3.10 ارب ڈالر کی ترسیلات زر اور رواں سال کے لیے 34 ارب ڈالر تک ترسیلات زر کی پیش گوئیوں کو نظرانداز کیا۔