برلن :ہاتھی عموماً اپنی دیکھ بھال کے لیے کیچڑ اور مٹی میں لوٹتے ہیں اور سونڈ سے اپنے جسم پر پانی کا اسپرے کرتے ہیں، لیکن برلن کے چڑیا گھر میں موجود ایک ہاتھی نے اپنی سونڈ سے پانی کا پائپ پکڑ کر خود کو نہلانا سیکھ لیا ہے۔ اس دلچسپ حرکت نے چڑیا گھر کے عملے کا کام بھی آسان بنا دیا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق یہ ہاتھی کے لیے آلات کے استعمال کی ایک مثال ہے، جو کہ جانوروں میں کم ہی دیکھی جاتی ہے۔ اگرچہ پانی کا پائپ بظاہر ایک سادہ سی چیز ہے، لیکن ہاتھی کے لیے اسے سنبھال کر استعمال کرنا کافی پیچیدہ عمل ہے۔ شاید اس نے پائپ کو اپنی سونڈ جیسا محسوس کرتے ہوئے اسے پکڑنا اور استعمال کرنا سیکھا۔
چڑیا گھر کے ملازمین کے لیے یہ فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔ جہاں انہیں روزانہ دوسرے جانوروں کو خود نہلانا پڑتا ہے، وہاں اس ہاتھی کو صرف پانی کا پائپ پکڑا دیا جاتا ہے اور وہ خود ہی نہا لیتا ہے۔