کوئٹہ: ریلوے سٹیشن پر دھماکہ، خاتون سمیت 20 افراد جاں بحق

 

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے سٹیشن پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جبکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق، پولیس اور سکیورٹی فورسز دھماکے کے مقام پر پہنچ چکی ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر موجود ہے اور شواہد اکٹھا کر رہا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ نے اس بات کی تصدیق کی کہ دھماکہ بظاہر خودکش حملہ لگتا ہے، اور یہ اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس کے لیے مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم پر موجود تھی۔

دھماکے کے فوراً بعد سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کی فوری امداد کے لیے اضافی ڈاکٹرز اور طبی عملہ طلب کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ معصوم افراد کو نشانہ بنانے کا ایک اور افسوسناک واقعہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد اب معصوم عوام، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، اور ان افراد کا کوئی تعلق انسانیت سے نہیں ہے۔ ان کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ اس نوعیت کے مزید واقعات کو روکا جا سکے۔