حافظ نعیم الرحمن کا حکومت کے ونٹر پیکیج پر ردعمل: "یہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے”

 

کراچی :امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کے موسم سرما کے لیے بجلی کے اضافی استعمال پر ریلیف دینے کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے اسے "گھن چکر” اور عوام کو بہکانے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اضافی بجلی کے بجائے تمام یونٹس پر بجلی کی قیمت کم کرنی چاہیے۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ اگر آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) سے معاہدوں کی منسوخی سے اربوں روپے کی بچت ہو رہی ہے تو پھر حکومت بنیادی ٹیرف میں کمی کیوں نہیں کر رہی؟

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے موسم سرما کے تین ماہ کے دوران اضافی بجلی کے استعمال پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ تک ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے، جو دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک نافذ ہوگا اور گھریلو، کمرشل، اور صنعتی صارفین پر بھی لاگو ہوگا۔