اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس ایئر 2024 کے لیے 52 لاکھ 15 ہزار انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے ہیں، جو گزشتہ سال کی نسبت 76 فیصد زیادہ ہیں۔ ایف بی آر حکام کے مطابق، ٹیکس ایئر 2024 کے لیے موصول ہونے والے گوشوارے گزشتہ سال کے مقابلے میں 22 لاکھ 56 ہزار زیادہ ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اس سال 52 لاکھ 15 ہزار 951 افراد نے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروائے، جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ تعداد 29 لاکھ 59 ہزار 774 تھی۔
انکم ٹیکس گوشواروں کے ساتھ ساتھ 132 ارب روپے سے زائد ٹیکس بھی جمع کیا گیا ہے، جو کہ گزشتہ سال کے 77 ارب روپے کے مقابلے میں 71 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2024 کے دوران 20 لاکھ 51 ہزار 962 افراد نے قابل ٹیکس آمدن صفر ظاہر کی، جو مجموعی ٹیکس گوشواروں کا 39 فیصد سے زائد بنتی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق، یکم جولائی 2024 سے 6 نومبر تک 6 لاکھ 60 ہزار نئے ٹیکس فائلرز کا اندراج ہوا ہے، جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں 13 لاکھ 46 ہزار نئے ریٹرن فائل ہوئے تھے۔