اٹلی: موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی آلودگی کے پیشِ نظر، دنیا بھر میں فضائی معیار کی حالت انتہائی تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر، اٹلی نے ایک منفرد اقدام اٹھاتے ہوئے تازہ اور خالص ہوا کو کین میں بند کر کے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بڑھتی ہوئی آلودگی نے صاف ہوا کی کمیابی کو ایک سنجیدہ مسئلہ بنا دیا ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اٹلی نے اپنی مشہور جھیل کومو کی ہوا کو "خالص ہوا” کے طور پر مارکیٹ میں پیش کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اٹلی کی کمیونیکیشن کمپنی "اٹلی کمیونیکا” نے جھیل کومو کی تازہ اور قدرتی ہوا کو 400 ملی لیٹر کے کین میں بند کر کے فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ ہوا 100 فیصد تصدیق شدہ اور قدرتی ہے، اور ایک کین کی قیمت 11 ڈالرز رکھی گئی ہے۔
جھیل کومو نہ صرف اٹلی بلکہ دنیا بھر کے سیاحوں میں ایک معروف تفریحی مقام ہے۔ اس کی قدرتی خوبصورتی اور صاف ہوا کی بدولت ہر سال لاکھوں سیاح یہاں آتے ہیں۔ 2023 میں تقریباً 5.6 ملین سیاحوں نے جھیل کا رخ کیا
کمپنی نے جھیل کومو کی سیاحت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف ہوا کے کین فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں بلکہ ایک ای کامرس ویب سائٹ بھی لانچ کی ہے جس کے ذریعے دنیا بھر کے لوگ ان کینز کو آن لائن خرید سکتے ہیں۔
جھیل کومو گزشتہ چند برسوں میں اپنی قدرتی خوبصورتی اور مشہور شخصیات کی رہائش گاہوں کے باعث عالمی سطح پر مزید مقبول ہو گیا ہے۔ یہاں Casino Royale اور House of Gucci جیسی ہالی ووڈ فلموں کی شوٹنگ بھی کی جا چکی ہے، جس نے اس مقام کی شہرت میں مزید اضافہ کیا ہے۔