جوبائیڈن اور ٹرمپ کی بات چیت: اقتدار کی منتقلی اور امریکی یکجہتی پر زور ، نیتن یاہو کا بھی ٹرمپ کو فون

واشنگٹن :  امریکی صدر جوبائیڈن نے ری پبلکن پارٹی کے امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

 

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جوبائیڈن نے اپنے حریف ٹرمپ کو اقتدار کی پرامن منتقلی کو یقینی بنانے کا عہد کیا ہے۔ صدر بائیڈن نے اس دوران امریکا کو یکجا رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا کہ ان کا مقصد تمام امریکیوں کو متحد کرنا اور قومی مفاد میں کام کرنا ہے۔

 

بائیڈن نے ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی تاکہ آئندہ کے اقدامات پر بات چیت کی جا سکے۔اس کے علاوہ، امریکی صدر نے اپنی نائب صدر کملا ہیرس کو بھی انتخابی جیت پر مبارکباد دی اور ان کے ساتھ گفتگو کی۔

 

دوسری جانب، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کر کے انہیں انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو وہ پہلے عالمی رہنما تھے جنہوں نے ٹرمپ کو اس کامیابی پر فون کیا۔

 

دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام اور مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ نیتن یاہو نے ٹرمپ کے ساتھ اسرائیل کی سیکیورٹی کے حوالے سے مزید تعاون پر اتفاق کیا۔