راولپنڈی: پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقارنے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے دوران جبوتی کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جبوتی کی بندرگاہ پر جہاز کی آمد پر جبوتی بحریہ کے حکام نے استقبال کیا، جس کے بعد *پی این ایس ذوالفقار* کے کمانڈنگ آفیسر نے جبوتی بحری حکام سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران، کمانڈر جبوتی بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے ساتھ پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون، میری ٹائم سکیورٹی اور مشترکہ آپریشنز کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ، دورے کے اختتام پر جبوتی کوسٹ گارڈز کے ساتھ ایک مشترکہ بحری مشق بھی کی گئی جس کا مقصد باہمی صلاحیتوں میں اضافہ اور تعاون کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، پاکستان اور جبوتی کی بحری افواج کے مابین اس نوعیت کے روابط دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں، جو سفارتی تعلقات کے لیے بھی سودمند ثابت ہوتے ہیں۔
جبوتی میں قیام کے دوران، پی این ایس ذوالفقار کا دورہ مختلف ممالک کے سفیروں، دفاعی اتاشیوں، جبوتی کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت، اور مقامی پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھی کیا۔ اس دورے کے ذریعے پاکستان اور جبوتی کے درمیان دفاعی، تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔