راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو الگ کارروائیوں کے دوران 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے دیو سالی میں کی جانے والی کارروائی میں ایک دہشت گرد، احمد شاہ عرف انتظار، ہلاک ہوا۔ دوسری جانب، جنوبی وزیرستان کے علاقے خرمنگ میں سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مزید 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جب کہ اس کارروائی میں 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے وضاحت کی کہ پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے بار بار اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی۔ اس کے علاوہ، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔