اسلام آباد : آج سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اہم اجلاس منعقد ہوں گے، جہاں اہم قانون سازی کی توقع کی جا رہی ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس شام 4 بجے شروع ہوگا، اور اس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں انسداد دہشتگردی ترمیمی بل اور ججز کی تعداد بڑھانے کے بل کی منظوری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس بھی پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں رول آف لاء انڈیکس میں پاکستان کے 129ویں نمبر پر آنے کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہوگا۔
صدر مملکت کے مشترکہ اجلاس میں خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک بھی ایجنڈے میں ہے۔ دیگر اہم موضوعات میں عالیہ کامران کا پی آئی اے کے طیاروں کو گراؤنڈ کرنے پر توجہ دلاؤ نوٹس، وقفہ سوالات، اور نکتہ اعتراض شامل ہیں۔
سینیٹ کے اجلاس کے لیے بھی 39 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے، جس میں 3 نئے بل پیش کیے جائیں گے اور 11 بلوں کی قائمہ کمیٹی کی رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔
حکومت نے تمام اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایوان میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ اہم مسائل پر مؤثر بحث کی جا سکے۔