مدھیہ پردیش: 48 گھنٹوں میں 8 ہاتھیوں کی پراسرار موت، حکام کی تحقیقات جاری

 

مدھیہ پردیش: بھارت کے بندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو میں 48 گھنٹوں کے اندر 8 ہاتھیوں کی پراسرار ہلاکت نے حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ وائلڈ لائف حکام کے مطابق، 13 ہاتھیوں پر مشتمل ایک جھنڈ کی حالت غیر ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

حکام کے مطابق، منگل تک 7 ہاتھی ہلاک ہو چکے تھے، جبکہ بدھ کے روز آٹھواں بیمار ہاتھی بھی مردہ پایا گیا۔ مرنے والی 7 ہاتھنیوں کی عمر تقریباً 3 سال تھی، جبکہ آٹھواں ہاتھی 4 سے 5 سال کا نر تھا۔ وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ جھنڈ کا دسواں ہاتھی طبی امداد ملنے کے بعد بہتر ہو رہا ہے، جبکہ دیگر 3 ہاتھیوں کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

محکمہ جنگلات نے تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جو 10 دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہاتھیوں کی موت زہر کی وجہ سے ہوئی۔ حکام اس بات کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا جانوروں نے کوڈو باجرے کے بیج کھائے ہیں، جو خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگر یہ بیج کسی فنگس سے آلودہ ہوں تو وہ سائکلو پیازونک ایسڈ نامی زہریلا مادہ پیدا کر سکتے ہیں۔

حکام نے ہاتھیوں کی موت کی جگہ سے 100 کلو میٹر تک کے علاقے کی جانچ پڑتال کا آغاز کر دیا ہے تاکہ مکمل معلومات حاصل کی جا سکیں۔