لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بجلی بلوں میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں کم از کم 85 روپے کی کمی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے 27ویں آئینی ترمیم کا معاملہ سامنے لایا گیا ہے اور جماعت اسلامی اس کی مخالفت جاری رکھے گی۔ انہوں نے پنجاب میں 13 ہزار سرکاری سکولوں کی نجکاری کے فیصلے کی سختی سے مزاحمت کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
معیشت میں بہتری کے حکومتی دعوؤں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمران طبقہ ملک پر بوجھ بن چکا ہے، اور 25 کروڑ عوام کو اس بوجھ سے نجات حاصل کرنی ہوگی۔