بھارت: خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان "دانا” اب بھارت پر اثر انداز ہونے لگا ہے۔ ریاست بنگال اور اڑیسہ میں طوفان کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ تقریباً 10 لاکھ افراد محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہے ہیں، جبکہ تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں اور 200 سے زیادہ ٹرینیں معطل کر دی گئی ہیں۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق، ہوا کا دباؤ 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغرب شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور بدھ تک طوفان کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ یہ طوفان 24 اکتوبر کی رات یا 25 اکتوبر کی صبح 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمالی اڑیسہ اور مغربی بنگال کے ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے طوفانی ہواؤں کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے اور شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔