ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ کی پوری ٹیم 291رنز پر ڈھیر

ملتان : تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے تیسرے روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 291 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

 

انگلینڈ نے تیسرے دن کا آغاز 239 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ کیا۔ ساجد خان نے برینڈن کیرس کو 4 رنز پر آؤٹ کر کے اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد ساجد خان نے میتھیو پوٹس کو بھی بولڈ کر دیا، جو 6 رنز بنا سکے۔

 

جیمی اسمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ جیک لیچ 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ نعمان علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

 

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں کامران غلام کی ڈیبیو سنچری کی بدولت 366 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک 239 رنز پر 6 وکٹیں گنوا دی تھیں۔

اس سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی، جس کے بعد مہمان ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔