پی ٹی آئی کی درخواست پر خصوصی کمیٹی کا اجلاس ملتوی

 

اسلام آباد: خصوصی کمیٹی کا اجلاس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر کل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، کمیٹی نے ن لیگ، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مجوزہ ڈرافٹس کو اکٹھا کر لیا ہے، جنہیں آج رات لاہور میں نواز شریف کی صدارت میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس کی صدارت سید خورشید احمد شاہ کر رہے تھے، لیکن راستے بند ہونے اور ایس سی او اجلاس کی وجہ سے کئی اراکین شرکت نہیں کر سکے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان، فاروق ستار، شیری رحمان، جان بلیدی، خالد مگسی، اعجاز الحق، سینیٹر انوار الحق کاکڑ، راجہ پرویز اشرف، پولین بلوچ، رانا تنویر، اور عرفان صدیقی نے اجلاس میں شرکت کی، جب کہ جمعیت علمائے اسلام اور پی ٹی آئی کے اراکین اجلاس میں نہیں آئے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ معاملات بہتر سمت میں جا رہے ہیں اور جلد عوام کے حق میں فیصلہ کیا جائے گا۔ خورشید شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ کمیٹی نے آج چار جماعتوں کے ڈرافٹس کو یکجا کیا ہے، جبکہ بی این پی اور بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی اپنے ڈرافٹس پیش کیے ہیں۔ پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ان کا اجلاس آئینی ترمیم کے حوالے سے ہے اور انہیں ایک دن کی مہلت چاہیے۔ اس وجہ سے کمیٹی کا اجلاس کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔