وقت کی نزاکت کا احساس

معاشی مسائل سے دوچار پاکستان میں دہشت گردی جیسا مسئلہ بھی سنگین ہے جس پر قابوپانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اِدارے کوشاں ہیں لیکن یہ کاوشیں فی الوقت کامیابی سے ہمکنارہوتی نظرنہیں آتیں اسی بناپرسرمایہ کاری تو ایک طرف بیرونی دنیا تعلقات بڑھانے میں محتاط ہے اور کچھ خاص دوست ہی اپنے مفادات کے لیے پاکستان سے تعلقات بڑھانے میں دلچسپی لیتے ہیں ملک کو اِس نہج پر لانے میں دیگرعوامل کے ساتھ سیاستدانوں کا بھی اہم کردارہے پاکستان ایسے خطے میں واقع ہے جہاں بدقسمتی سے کچھ حکومتیں بھی بدامنی کے فروغ کا باعث ہیں یہ کئی ایسے شدت پسند گروہوں کی سرپرستی کرتی ہیں جوبراہ راست دہشت گردی میں ملوث ہیں یہ شدت پسند اور دہشت گرد خطے میںسرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں اور پاکستان کو معاشی استحکام سے دوررکھنے کے لیے ماردھاڑ سے خوف وہراس پھیلاتے ہیں تاکہ سرمایہ کاری پر آمادہ ممالک یا عالمی اِداروں کو بددل کیا جا سکے ایسے گروہوں کی سرپرستی میں پاکستان کا مشرقی ہمسایہ پیش پیش رہتاہے اِن حالات میں ضرورت اِس امر کی ہے کہ جب ملکی مفاد کی بات آئے توسیاسی قیادت نوک جھونک ترک کردے لیکن ایسا نہیں ہورہا بلکہ ایک دہائی سے سیاسی زندگی بڑھانے اور مقبولیت حاصل کرنے کے لیے احتجاج پراِس حدتک انحصار کرلیا گیاہے کہ غیر ملکی مہمانوں کا بھی خیال نہیں کیا جاتاہمارے پیارے نبیﷺ کا ارشاد ہے جو مہمان نواز نہیں اُس میں کوئی بھلائی نہیں۔ مگر امن و امان تباہ اور پُرامن فضا زہر آلود کرنے کے لیے شاہراہیں بند کردی جاتی ہیں حکمرانوں کو دھمکانے کے لیے للکارا جاتا ہے اپنی سیاست چمکانے کے لیے ملکی مفاد کوبھی دائو پر لگا دیا جاتا ہے جس سے بیرونی دنیا کو ایسا تاثر ملتا ہے کہ یہاں کے سیاستدان ہڑبونگ پر یقین رکھتے ہیں اور یہ کہ ملک میں حکومتی رٹ نہیں اسی لیے تعلقات رکھنے میں مصلحت کا شکار ممالک بھی محتاط ہیں حالانکہ شاہراہیں بندکرنے سے حکومت کورتی بھرفرق نہیں پڑتاالبتہ عوامی مشکلات میں ہی اضافہ ہوتاہے یہی عوام سیاستدانوں کو ووٹ دیکر ایوانوں میں پہنچاتی ہے لیکن اسی عوام کا ذراخیال نہیں کیا جاتا اِن حالات میں سیاسی سرگرمیاں تو جاری رکھی جا سکتی ہیں تجارتی اور معاشی کونہیں ۔
پندرہ اکتوبر سے دس ملکی شنگھائی تعاون تنظیم کااسلام آباد میں شروع ہونے والا اجلاس پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کاحامل ہے ایسے حالات میں جب بھارت اقوامِ عالم کو باور کرانے کی کوشش میں ہے کہ پاکستان غیر اہم ملک ہے او اِس سے تعلقات بڑھاناکسی کے لیے نفع بخش نہیں نیز یہ ملک سرمایہ کاری کے بھی بہتر نہیں بلکہ دیوالیہ ہونے کے قریب ہے اِس ز ہریلے پراپیگنڈے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کاسربراہی اجلاس ہی تریاق ثابت ہو سکتاہے اگر سیاسی قیادت ملکی مفاد کے لیے یکسو ہو اور درپیش مسائل کے حل کے لیے سیاسی مفادات کی قربانی پر آمادہ ، لیکن ایسا نہیں ہورہا پندرہ اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس والے دن پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں ڈی چوک پر احتجاج کاعلان کردیا جسے کسی مکتبہ فکر نے نہیں سراہا نہ صرف پی ٹی آئی کی قیادت اِس حوالے سے منقسم نظر آئی بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی طرف سے بھی احتجاج کو موخر کرنے کے مطالبات سامنے آئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ نے مہمانوں کی آمد پر انارکی پھیلانے سے باز رہنے کی تلقین کی لیکن کچھ جوشیلے رہنما اپنے بانی سے ملاقات پر بضد رہے ایسے احتجاجی طرزِ عمل کی کوئی ذی شعور تائید نہیں کر سکتا جب جماعت کی قیادت کو تحفظات ہیں اور اتحادی جماعتیں بھی ناخوش ہیں تو پی ٹی آئی قیادت کو بھی افہام و تفہیم کی طرف آجانا چاہیے تھا درپیش قانونی مسائل سے محفوظ رہنے کے لیے احتجاج کاراستہ ہر گزمناسب نہیں بلکہ یہ وقت قانونی موشگافیوں کے ماہرین سے کام لینے کا ہے خوش قسمتی سے اِس جماعت کے اہم عہدوں پر فائز قانون دان ہیں مگر اُن سے کام لینے کے بجائے کارکنوں کو امتحان میں ڈالا جا رہا ہے ریاست کو بلیک میل کرکے بانی پی ٹی آئی کورہا کرانے کی سوچ غلط ہے۔
محتاط بیرونی دنیا تبھی اعتماد کرے گی جب ملکی سیاسی منظر نامہ زہر آلود نہ ہواور قومی مفاد کے حوالے سے سیاسی قیادت یکجا، 2014میں چینی صدر کی آمد سے قبل بھی پی ٹی آئی نے ایک طویل اور پُرتشدددھرنے کا آغاز کیا جو صدر شی جن پنگ کا متوقع دورے کو ملتوی کرنے کا موجب بنااور سی پیک معاہدے پر کام میں تاخیرہوئی اب بھی چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ کی آمد سے قبل کراچی میں چینی باشندوں کو نشانہ بنا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ اِس ملک میں کوئی محفوظ نہیں کچھ ایسی اطلاعات بھی سامنے آئیںکہ کراچی واقعہ پر ناخوشی کا اظہارکرتے ہوئے چین نے اپنے باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا پُرزور مطالبہ کیا اِس کے باوجود چین کے وزیراعظم لی چیانگ وفد سمیت پاکستان تشریف لے آئے لیکن بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کو جواز بناکرڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کر دیاگیا مزیدیہ کہ بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر کواحتجاج میں شرکت کی دعوت بھی دیدی گئی جس کی بعدازاں تردید سے زہرناکی کم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن سچ یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل پر اب سوال اُٹھنے لگے ہیں اور ایسی قیاس آرائیاں ہونے لگی ہیں کہ پاک چین بڑھتی قربتیں کم کرنے کے لیے یہ جماعت آلہ کار ہے کیونکہ جب بھی چین سے کوئی اہم شخصیت آنے کا اعلان ہوتا ہے یہ جماعت بے چین ہوکراحتجاج کے لیے نکل آتی ہے جب یہ سب عہدے،مقبولیت اور سیاست پاکستان کی مرہون منت ہے توپھراپنے ہی ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کا کوئی جواز نہیں رہتا حکومت نے بظاہر اندرونی دبائو پربروقت قابو پالیا اوراب سربراہی اجلاس بھی آج اختتام کے قریب ہے لیکن کچھ سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں سے کئی ایسے سوال جنم لے چکے ہیں جن کے وہ جواب شاید ہی دے سکیں ۔
خطے میں سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے شنگھائی تعاون تنظیم نے کئی ایسے فیصلے کیے ہیں جن سے پاکستان میں معاشی بہتری لانے کے نئے مواقع پیداہوں گے اِس میں شائبہ نہیں کہ سربراہی اجلاس کی میزبانی پاکستان کو ملنا کسی اعزاز سے کم نہیں اجلاس کو اہمیت کے اعتبار سے دیکھا جائے توپاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار ثابت کرنے والے مایوس کرنے اور خطے میں اہم تر ثابت کرنے کے لیے یہ اجلاس نہایت اہم ہے یہ اجلاس تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے حوالہ سے پاکستان کو مرکز بنا سکتا ہے مزیدیہ کہ کیا یہ پہلو اہم نہیں کہ بھارت جو پاکستان سے کشمیر سمیت کسی بھی مسئلہ پر مذاکرات سے ہی انکاری ہے وہ بھی شرکت کرنے پر مجبورنظر آیاحالانکہ 2015 میں افغانستان کے حوالے سے اسلام آبادمیں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کی غرض سے آئیں جس کے بعد سارک اجلاس ہو یا کوئی اور ایونٹ،بھارت نے عدم شرکت کی پالیسی اپنا لی مگر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے الگ رہنے کی وہ بھی ہمت نہ کر سکا ۔