جو کررہے ہیں وہ غلط ہے، پولیس اپنا کام کرے گی:محسن نقوی کی پھر وارننگ

اسلام آباد:وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی جلسے کے تناظر میں ایک مرتبہ پھر خبردار کردیا۔ محسن  نقوی نے  اسلام آباد میں میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ    ہم اس چیز کی اجازت نہیں دے سکتے، ساری صورتحال آپ کے سامنے ہے۔ان کاکہنا تھا کہ  کل بھی درخواست کی تھی کہ ابھی جلسے اور احتجاج نہ کریں، جلسے جلوس ہر پاکستانی کا حق ہے مگر یہ جو کر رہے ہیں وہ طریقہ کار غلط ہے، اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ اپنا کام پورا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہمانوں کو یقین دلانا ہے، آپ محفوظ ملک میں آئے ہیں، جو لوگ بھی احتجاج کا سوچ رہے ہیں، وہ ایک بارپھرسوچیں، ایس پی کے علاوہ یہاں ایک پولیس اہلکار کے پاس بھی گن نہیں ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے درخواست کی تھی، ابھی جلسے جلوس نہ کریں۔

اسلام آباد کے شہریوں سے تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا ہماری جتنی بھی فورس ہے ان میں کسی کے پاس گن نہیں ہے، ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھ سکتے ہیں کہ جو لوگ آرہے ہیں ان کے پاس اسلحہ ہے۔ان کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ کے پی پاکستانی ہیں، انہیں سوچنا چاہیے کہ کیا کر رہے ہیں، ان کے پاس پورا کے پی صوبہ ہے جہاں مرضی ہو اس شہر میں احتجاج کر لیں، احتجاج کرنا ان کا حق ہے لیکن یہ طریقہ کار ٹھیک نہیں ہے۔