ورلڈ یوتھ باکسنگ،پاکستانی باکسر نے بھارتی حریف کو ایک منٹ پانچ سیکنڈ میں ہی ڈھیر کردیا

بنکاک: ورلڈ یوتھ باکسنگ مقابلے میں   پاکستانی باکسر نے  بھارتی حریف کو ایک منٹ پانچ سیکنڈ میں  ہی ڈھیر کردیا۔پروفیشنل باکسنگ کا پاک بھارت ٹاکرا پاکستان کے عثمان وزیر نے ایک منٹ پانچ سیکنڈ میں ہی جیت لیا۔

باکسنگ رنگ میں عثمان وزیر کی یہ مسلسل 14ویں کامیابی ہے اور بھارتی باکسر کو شکست دینے کے بعد عثمان وزیر نے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سے اچھے روابط قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔

تھائی کے باکسنگ ایرینا میں پاکستان کے عثمان وزیر کا مقابلہ بھارت کے تھلک سیلوام سے تھا، پہلا راؤنڈ شروع ہوا تو چند سیکنڈ بعد ہی عثمان کا زور دار مکہ بھارتی باکسر سہہ نہ سکے اور رنگ میں بیٹھ گئے۔

بھارتی باکسر کے ابھی سانس بحال ہی ہوئے تھے کہ عثمان نے ایک اور مکہ جڑ دیا، پھر بھارتی باکسر سنبھل نہ پائے اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریفری نے عثمان وزیر کو ٹیکنیکل بنیاد پر فاتح قرار دے دیا۔